کراچی میں امن کیلئے ماضی کی طرح تاجر برادری سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد

جمعہ 19 جنوری 2018 12:55

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کھارادر میں تاجروں پر دستی بم حملے کو جرائم پیشہ عناصر کی انتہائی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے ؂حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجارتی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔جمعہ کے روز جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے سب سے بڑے تجارتی مرکز میں دستی بم دھماکہ سب کیلئے چیلنج ہے۔

انھوں نے اولڈسٹی ایریا کو خصوصی سیکوریٹی زون قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کی مارکیٹوں میں رینجرز اور پولیس کا گشت مستقل بنیادوں پر بڑھایا جائے اور علاقے میں تعمیر کی گئیں حفاظتی چوکیوں میں نفری تعینات کی جائے۔انھوں نے کہا کہ بھتہ خور عناصر گذشتہ چند ماہ سے تاجروں کو بھتے کیلئے دھمکارہے تھے اور موقع میسر آتے ہی شہریوں اور تاجروں کے خلاف وارداتیں کررہے ہیں،انھوں نے کھارادر دستی بم حملے میں ملوّث مجرموں کی فوری گرفتاری اور عبرتناک سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر اس قسم کے مزید واقعات کا متحمل نہیں ہوسکتا، بھتہ خوروں نے تاجروں کے خلاف جان لیوا حملہ کرکے ایک نئی جنگ کا آغاز کردیا ہے، تاجر برادری نے ایسے مواقع پر ہمیشہ ہمت، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا ہے کہ تاجر برادری کراچی کو ایک مرتبہ پھر آگ اور خون میں نہلانے کی کوشش کرنے والے ملک دشمن عناصر کے خلاف کمربستہ ہے، تاجر برادری ماضی کی طرح شہر کے امن کیلئے سکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہوگی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

متعلقہ عنوان :