صدر، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کامنو بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس،

سوگوار خاندان سے تعزیت منو بھائی علم و ادب کا ایسا درخشندہ ستارہ تھے، ادب اورصحافت کے شعبے میں ا ن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائیگا، ممنون حسین اور شاہد خاقان عباسی کا تعزیتی پیغام

جمعہ 19 جنوری 2018 12:52

صدر، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کامنو بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) ممتازصحافی ،کالم نویس شاعراورادیب منو بھائی کے انتقال پر صدرممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری سمیت کئی اہم رہنماں نے افسوس اور دکھ کا اظہار اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔

جمعہ کو صدرممنون حسین نے ممتازصحافی ،کالم نویس شاعراورادیب منوبھائی کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے،انہوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی، اپنے تعزیتی بیان میں صدر نے کہا کہ ادب اورصحافت کے شعبے میں ا ن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائیگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی منو بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے تعزیتی بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منو بھائی علم و ادب کا ایسا درخشندہ ستارہ تھے، جن کی روشنی صدیوں تک ہمیں منور رکھے گی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکراور ڈپٹی سپیکر نے بھی منوبھائی کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا ہے۔معروف ادیب اور کالم نگار منو بھائی کے انتقال پر وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ منو بھائی اردو ادب کا روشن ستارہ تھے۔ منو بھائی کی ادبی و صحافتی خدمات لائق ناقابل فراموش ہیں۔ منو بھائی نے اردو کالم نویسی کو اختراعی جہت عطا کی۔

انہوں نے کہا کہ منو بھائی مرحوم کی ادب اور صحافت کے لئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ صحافت اور ادب کیلئے منو بھائی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔اللہ پاک مرحوم منو بھائی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی سینئرصحافی منو بھائی کے انتقال پراظہارافسوس کیاہے، اپنے ٹوئٹر پیغام پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان آج قومی یکجہتی اور اعتدال کی پراثر آواز سے محروم ہوگیا