پانچ ماہ کے دوران 115حاملہ لڑکیوں کا علاج،عوام میں غم و غصہ

ترکی میں کم عمر بچوں کے حاملہ ہونے کے خلاف شہریوں کی مہم، خواتین کی حفاظت پر توجہ دی جائے،سوشل میڈیاصارف

جمعہ 19 جنوری 2018 12:43

پانچ ماہ کے دوران 115حاملہ لڑکیوں کا علاج،عوام میں غم و غصہ
انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) ترکی میں متعدد کم عمر لڑکیوں کے حاملہ ہونے کی خبروں کے بعد لوگوں نے سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔استنبول کے صرف ایک ہسپتال میں 5 ماہ سے کم عرصے میں 115 لڑکیوں کا علاج ہوا ہے جن میں 39 کا تعلق شام سے ہے۔مقامی ویب سائٹ کے مطابق ان میں سے 38 لڑکیاں جب حاملہ ہوئی تو ان کی عمر 15 سال سے بھی کم تھی جبکہ 77 لڑکیاں 18 سال سے کم عمر تھیں۔

ترکی میں جنسی تعلق قائم کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کرنے کے لیے کسی بھی شخص کی عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی ہے اور اس سے چھوٹی عمر میں حاملہ ہونے والی لڑکیوں کے تمام کیسز بچوں کے جنسی استحصال کے زمرے میں آتے ہیں۔ترک زبان میں استعمال ہونے والا ہیش ٹیگ جس کا ترجمہ ہے کہ 115 بچوں کا استحصال چھپایا نہیں جا سکتا بدھ سے 46000 دفعہ استعمال کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

زیادہ تر افراد نے سوشل میڈیا پر غم کا اظہار کیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں بچیاں جنسی استحصال کا نشانہ بنی ہیں۔ایک صارف کا کہنا تھا 'ہم سب کو ایسی دنیا میں رہنا چاہیے جس میں بچے بچے ہی رہیں۔اس خبر نے خواتین کے حقوق کو بھی ایک بار پھر موضوع بحث بنا دیا ہے۔ ماضی میں خواتین کو سڑک پر چلتے ہوئے ہنسنے اور انہیں سادہ لباس پہننے کے بارے میں معاشرتی دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ خواتین کے چال چلن کے بجائے اب ان کی حفاظت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ایک ٹوٹر صارف نے شام سے آنے والی لڑکیوں کے مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا 'بظاہر کئی لڑکیوں کا تعلق شام سے ہے۔اس پیغام میں مزید کہا گیا کہ میں جہاں کام کرتی ہوں وہاں ہم نے پولیس کو ایسی 15 برس کی لڑکی کے بارے میں بتایا مگر سوائے بیان لینے کے اٴْنہوں نے کچھ نہیں کیا۔ قانوں ان کے لیے نہیں ہے،ایک صارف نے خواتین کے حقوق کے لیے کیے جانے والے مظاہروں کی تصویر ٹویٹ کی اور حزب اختلاف کی سیکولر جماعت ریپبلکن پیپلز پارٹی (سی ایچ پی) پر غیر اخلاقی حرکتوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا الزام لگایا۔

متعلقہ عنوان :