مقبوضہ کشمیر، جماعت اسلامی کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

جمعہ 19 جنوری 2018 11:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے جیلوں میںغیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر بندوںکو تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سرو س کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 1990ء سے اب تک ہزاروں کشمیریوں کو اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کی پاداش میں جیلوں میں ڈال دیا گیا جہاں انہیں انتہائی وحشیانہ سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ان جیلوںکی باگ ڈور ایسے ہاتھوں میں دی گئی ہے جو انتہائی متعصب اور فرقہ پرست ہیںاور وہ نظر بندوں کوایذاپہنچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ ترجمان نے کہا کہ جموںخطے کی ادھمپور پور جیل کی حالت انتہائی ابتر ہے جہاں کشمیری نظر بندوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جاتا ہے اور انہیں دینی فرائض کی انجام دہی سے بھی روکا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کے اہلخانہ جب سینکڑو ں میل کا فاصلہ طے کر کے جیل پہنچنے ہیں تو انہیں اپنے پیارو ں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی اور بغیر ملاقات کے واپس لوٹا دیا جاتا ہے۔ ترجمان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔