چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا از خود نوٹس لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 جنوری 2018 11:16

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا از خود نوٹس لے لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا از خود نوٹس لے لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے آئندہ 10 روز میں ڈی جی ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اسکیںڈل سے ہمارے سر شرم سے جھُک گئے ہیں۔

پاکستان کی بدنامی کرنے والا کوئی بچ کر نہیں جائے گا۔ ڈی جی ایف آئی اے جعلی ڈگری سے متعلق مہم کا پتہ چلائیں۔

(جاری ہے)

اگر خبریں سچی ہیں تو اس مہم کا تدراک ہونا چاہئیے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر یہ خبریں جھوٹی ہیں توپاکستان اپنا دفاع لے۔ جعلی ڈگری سے متعلق خبروں سے پاکستان عالمی سطح پر بدنام ہو رہا ہے۔ یہ خبریں ملکی اور بین الاقوامی میڈیا میں آ رہی ہیں۔ جعلی ڈگری اسکینڈل سے متعلق مقدمات عدالتوں میں بھی زیر التوا ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے ایگزیکٹ اسکینڈل کی مفصل رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا از خود نوٹس سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم بھی دے دیا۔