سماجی ادارے ووٹ رجسٹریشن میں اضافہ کے ساتھ ووٹر ایجوکیشن کی ضرورت پر بھی زور دیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہری پور

جمعہ 19 جنوری 2018 11:11

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہری پور زین العابدین شاہ نے کہا ہے کہ ووٹ رجسٹریشن میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ووٹر ایجوکیشن کی بھی ضرورت ہے جس میں مختلف سماجی اداروں کا بہت اہم کردار ہے، ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی ان اداروں کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کرے گی۔ وہ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر کمیٹی ممبران سمیت مختلف سماجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ آواز پراجیکٹ کی کوآرڈینیٹر خدیجہ ندیم، فورم کے صدر تحسین الحق اعوان، نائب صدر گلناز رشید ایڈوکیٹ، ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی ضلعی چیئرپرسن ممبر ضلع کونسل ساجدہ حسرت خان، عمر اصغر خان فائونڈیشن کی عطیہ سلطان شاہدہ اور نگہت، فافن پراجیکٹ کے بابر محمود، محکمہ تعلیم کے وقاص، لوکل گورنمنٹ کے محمد نواز، مجلس وحدت مسلمین کے نیئر عباس جعفری، اے این پی کے شوکت الرحمن مشوانی اور دیگر نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو اپنے اپنے اداروں کی جانب سے بریفنگ دی اور ووٹر رجسٹریشن و ایجوکیشن کے حوالہ سے اپنی تجاویز پیش کیں اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

آواز ڈسٹرکٹ فورم نے ووٹر رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے ایک یادداشت پر بھی دستخط کئے۔ زین العابدین شاہ نے کہا کہ سماجی ادارے قومی شناختی کارڈ بنوانے میں بھی لوگوں کو موبلائز کریں، ووٹ ایک قومی فریضہ اور امانت ہے اور اس قومی امانت کا استعمال وہی شخص کر سکتاہے جس کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہو اور اسے ووٹ کی اہمیت کا اندازہ ہو اس لئے ہماری کوشش ہے کہ شناختی کارڈ کے حصول اور ووٹ رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ووٹر ایجوکیشن پر زیادہ زور دیا جائے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کو فعال کیا گیا ہے جس کی باقاعدگی سے ہر ماہ میٹنگ منعقد ہوا کرے گی جو محکمہ تعلیم و لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر سرکاری محکموں اور سماجی اداروں کے ساتھ مل کر اس حوالہ سے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔

علاوہ ازیں پرامن انتخابی عمل کے کامیاب انعقاد کیلئے بھی الیکشن کمیشن آفس، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے۔ اس موقع پر شرکاء میں ووٹر ایجوکیشن کے حوالہ سے تحریری مواد تقسیم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :