عوام نے لاہور میں زرداری، عمران اور قادری کا شو بری طرح فلاپ کر دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کا (آج) کھلابٹ میں تاریخی استقبال کریں گے، اورنگزیب نلوٹھہ

جمعہ 19 جنوری 2018 11:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ایبٹ آباد سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا ہے کہ علی بابا چالیس چوروں کا پاور آف شو لاہور کے عوام نے فلاپ کر دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا (آج) ہفتہ کو کھلابٹ میں تاریخی استقبال کریں گے، ضلع کے لیگی کارکنان حویلیاں ٹائون ہال سے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ روانہ ہوں گے، قصور میں زینب کے قاتلوں کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان میں اسماء پر بھی ظلم ڈھانے والوں کو بے نقاب ہونا چاہئے۔

وہ جمعہ کو یہاں ضلعی سیکرٹریٹ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر سردار عبد الرشید، سٹی صدر محمد خان سواتی، ممبر ضلع کونسل شوکت ہارون خان جدون، سابق تحصیل ممبر بالڈھیری ملک جمیل، ملک محمد وسیم ایڈووکیٹ، تحصیل ناظم حویلیاں سردار ارسل پرویز، محمد ساجد اعوان سمیت ضلع، تحصیل، کینٹ، تحصیل حویلیاں، یوتھ ونگ کی تمام تنظیموں کے عہدیدران اور مسلم لیگ کے سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔

(جاری ہے)

ضلعی صدر سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ پہلے بھی ایبٹ آباد کے جلسہ میں نواز شریف کا تاریخی استقبال کیا گیا، کھلابٹ میں بھی اپنے قائد کو محبت کا پیغام دیں گے، ضلع کے کارکنان حویلیاں ٹائون ہال میں جمع ہوں، تاریخی جلوس کے ساتھ محسن ہزارہ کا استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں زرداری، عمران اور قادری کا شو عوام نے بری طرح فلاپ کر دیا ہے، علی بابا چالیس چوروں کی ٹیم ایک کنٹینر پر بھی متحد نہ ہو سکی، ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو عوام بخوبی جان چکے ہیں جن کو آئندہ الیکشن میں بدترین شکست ہوگی۔

اس موقع پر اسماء پر ظلم و تشدد کرنے والوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تین روز میں ظلم کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان و عہدیداران سے ممبر ضلع کونسل شوکت ہارون خان اور محمد ساجد اعوان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ملکی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کیا، سرزمین ہزارہ پر ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا۔