مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے کرٹس گرائونڈ کھلابٹ میں جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

جمعہ 19 جنوری 2018 11:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے جلسہ کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، (آج) ہفتہ کو کھلابٹ میں مسلم لیگ (ن) میدان سجائے گی۔ شہر سمیت دیگر علاقوں کی سڑکوں اور چوراہوں کو محمد نواز شریف اور مریم نواز کے استقبالی پوسٹروں و بینرز سے سجھا دیا گیا ہے، کارکن اپنے قائد کا استقبال کرنے کیلئے بے چین ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف (آج) ہفتہ کو کھلابٹ کے کرٹس گرائونڈ میں جلسہ سے خطاب کریں گے جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ شہر سمیت دیگر علاقوںکی شاہراہوں کو محمد نوازشریف اور مریم نواز کے استقبالی پوسٹروں اور بینرز سے سجھا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے ضلع بھر میں بھرپور مہم چلائی اور عوام کو محمد نوازشریف کے ہزارہ اور ضلع ہری پور کے عوام کیلئے مکمل کئے گئے سوئی گیس اور ہزارہ موٹروے جیسے منصوبوں سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ ہزارہ میں ہر بڑا اور تاریخ ساز منصوبہ نواز شریف کے دور میں شروع ہوا ہے۔

لیگی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ نوازشریف جہاں ملک بھر کی عوام کیلئے دلوں میں محبت رکھتے ہیں وہاں انہیں ہری پور کی عوام سے عشق ہے جس کا مظاہرہ انہوں نے انتخابات کے دوران عوام سے ضمنی انتخابات کے دوران کئے گئے سوئی گیس اور موٹر وے کے منصوبوں کو عملی جامع پہنا کر دیا ہے لہذا اب ہری پور کے عوام کا فرض ہے کہ وہ اپنے قائد نواز شریف کا والہانہ انداز میں استقبال کریں۔ جلسہ گاہ میں سٹیج کی تیاری کا کام بھی مکمل کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اور تورغر سے بڑے قافلوں کی صورت میں لیگی کارکن جلوسوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔