مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نوازشریف (آج) ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

جمعہ 19 جنوری 2018 11:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف (آج) ہفتہ کو ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے مقامی قائدین اور کارکنوں نے اپنے قائد کے استقبال کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دو روز سے ہری پور میں موجود ہیں۔

اراکین قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر اور بابر نواز خان، سابق وزیراعلیٰ پیر صابر شاہ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کے مقامی قائدین کی نگرانی میں کارکنوں نے مختلف مقامات پر بڑے بڑے سائن بورڈ تشہیر کیلئے آویزاں کر دیئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے جھنڈوں سے جلسہ گاہ اور جلسہ گاہ کی طرف آنے والے ضلع بھر کے راستوں کو سجھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی تجزیہ نگار سابق وزیراعظم کے ہری پور جلسہ کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔ نواز شریف کاجلسہ آنے والے عام انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروںکی انتخابی مہم میں مددگار قرار دیا جا رہا ہے۔ سابق وزیراعظم کے جلسہ میں شرکت کیلئے ہزارہ کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اور تورغر سے لیگی کارکن ضلعی قائدین کی قیادت میں قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔