شمالی یورپ شدید طوفان کی زد میں‘140کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی برفانی ہواﺅں سے15افراد کی زندگیوں کے چراغ بجھ گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 19 جنوری 2018 09:56

شمالی یورپ شدید طوفان کی زد میں‘140کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے چلنے ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جنوری۔2018ء) شمالی یورپ کے ممالک میں شدید طوفان کی زد میں ہیں، جہاں تیز ہوا چلنے سے اب تک15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔جرمنی اور نیدر لینڈ میں طوفان کے سبب تیز ہوا چلنے سے کئی درخت گر گئے ہیں اور مکانوں کی چھتیں اڑ گئی ہیں۔شمالی یورپ میں 140 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔

جرمنی میں ٹرین سروس معطل ہے جبکہ نیدر لینڈ کے ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تین سو سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایئر پورٹ پر آنے سے پہلے ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔یہ طوفان آج جرمنی میں سے گزرتے ہو کل شام تک پولینڈ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

طوفان کے سبب برطانیہ میں بھی بدھ کی شام اور جمعرات کی صبح تیز ہوائیں چلیں، جس سے درخت گر گئے اور ہزاروں مکانوں کو بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔

محکمہ موسمیات نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ سردی بڑھنے کے سبب سکول بھی بند ہیں۔ٹویٹر پر مختلف افراد نے درخت گرنے اور ٹرک الٹنے کی تصاویر شیئر کی ہیں۔جرمنی میں ایک ٹرانسپورٹ ویب سائٹ کے مطابق تیز ہواﺅں کے سبب 17 ٹرک الٹ گئے ہیں۔ ڈچ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کو بجلی فراہم کرنے والی پاور لائنز پر درخت گر گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :