لیجنڈ صحافی‘کالم نگار اور دانشور منوبھائی انتقال کرگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 19 جنوری 2018 09:32

لیجنڈ صحافی‘کالم نگار اور دانشور منوبھائی انتقال کرگئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جنوری۔2018ء)سندس فاﺅنڈیشن کے روح رواں ‘لیجنڈ صحافی‘کالم نگار اور دانشور منوبھائی انتقال کرگئے -ان کی عمر84سال تھی منو بھائی طویل عرصے سے علیل تھے تاہم انہوں نے علالت کے باوجود اپنا کالم اور تھیلسیماکے مرض میں مبتلا بچوں کے لیے کام جاری رکھا-منو بھائی کا اصل نام منیراحمدقریشی تھا منو بھائی 6فروری 1933میں وزیرآباد میں پیدا ہوئے-انہوں نے ریڈیوپاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے سونا چاندی‘ آشیانہ اور دشت سمیت کئی یادگار ڈرامے تحریرکیئے ‘وہ اردو اور پنجابی کے مانے ہوئے شاعر بھی تھے -انہیں متعددقومی وبین القوامی اعزازات سے نوازا گیا 2007میں انہیں صدر پاکستان کی جانب سے میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا-ان کی نمازجنازہ آج جمعہ کے روزبعد نمازعصر ان کی رہائش گاہ ریوازگارڈن پر اداکی جائے گی-خاندانی ذرائع کے مطابق سینئر صحافی منیر احمد قریشی منو بھائی کچھ عرصہ سے گردوں اوردل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور شدید علالت کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا ڈائیلائسز بھی کیا جاتا تھا۔