صاف دیہات پروگرام حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 18 جنوری 2018 23:00

رحیم یارخان۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام اور لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج حکومت پنجاب کا دیہی ترقی کی جانب انقلابی قدم ہے ، دیہی ترقی و عوامی بہبود کے ان منصوبوں کی کامیابی کا انحصار انتظامیہ ، بلدیاتی امیدواران، چیئرمین ، وائس چیئرمین اور سیکرٹری یونین کونسلز کی انتھک محنت سے وابستہ ہے جس کا براہ راست فائدہ دیہی عوام کو بنیادی سہولیات اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی سے پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین، وائس چیئرمین، ضلع ہذا کے سیکرٹری یونین کونسلز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سقراط امان رانا نے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام اور لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے اغراض و مقاصد اور اہمیت بارے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے صاف دیہات پروگرام کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے کے لئی20جنوری تک توسیع کر دی ہے جبکہ اگلے مرحلے کے لئے بھی محکمانہ اقداما ت پر عملدرآمد جاری ہے۔

انہوں نے تمام سیکرٹری یونین کونسلز کو ہدایت کی کہ 20جنوری سے قبل صفائی سے محر وم رہ جانے والے وارڈز کو صاف کر وا کر اپنی ذمہ داری ادا کریں اور ضلع کو پنجاب بھر میں اولین فہرست میں لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں اس سے جہاں ضلع کا نام روشن ہو گا تو دوسری جانب اس ضلع کی دیہی عوام کو سہولیات بہم پہنچانے میں آپ کے کردارکو بھی خوب سراہا جائے گا۔

انہوں نے چیئرمین /وائس چیئرمین یونین کونسلز کو بھی عوامی فلاح و بہبود کے اس اہم پروگرام کو بغیر کسی سیاسی تفریق کے صریحاً عوامی سہولت کو سامنے رکھتے ہوئے کامیاب بنانے میں اپنا اہم کردار اد ا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام سیکرٹری یونین کونسل کو واضح پیغام دیا کہ محنت و جانفشانی سے کام کرنے والے سیکرٹری یونین کونسلز کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ ناقص کارکردگی و لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام اور لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کریں جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری یونین کونسلز اپنی تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی بارے آگاہ کرنے کے پابند ہو ں گے جبکہ کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں بھی متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری آگاہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :