قطری طیارے اماراتی پروازوں کو منظم انداز میں خطرے سے دوچار کررہے ہیں،متحدہ عرب امارات

جمعرات 18 جنوری 2018 22:42

قطری طیارے اماراتی پروازوں کو منظم انداز میں خطرے سے دوچار کررہے ہیں،متحدہ ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2018ء) متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ قطری لڑاکا طیارے اماراتی مسافر طیاروں کو منظم انداز میں ہراساں کررہے ہیں اور اس طرح وہ شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرات سے دوچار کررہے ہیں۔یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق امارات کی مسلح افواج اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے ابو ظبی میں وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹرز میں قطر کی جانب سے شہری اور فوجی ہوابازی کو خطرے سے دوچار کرنے کے لیے اشتعال انگیز کارروائیوں کا جائزہ پیش کیا ہے۔

اس موقع پر سعودی عرب ، بحرین اور مصر کے سفرا بھی موجود تھے۔انھیں راڈار سے لی گئی تصاویر کی مدد سے قطر کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے تحت عالمی ایوی ایشن ایجنسی کو بھی قطر کے خلاف سوموار کے روز اپنے دو مسافر طیاروں کی پرواز میں رخنہ ڈالنے کی شکایت دائرکرنے کا اعلان کیا ہے۔ یو اے ای کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی کے مطابق عالمی سول ایوی ایشن تنظیم ( آئی سی اے او ) کے نام درخواست میں قطر پر شکاگو کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عاید کیا جائے گا۔

اس کنونشن میں فضائی حدود کے استعمال کے قواعد وضوابط بتائے گئے ہیں۔بحرین نے بھی راڈارز سے لی گئی ایک فوٹیج جاری کی ہے اس میں قطری لڑاکا جیٹ کے متحدہ عرب امارات کی دو پروازوں کو روکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ان میں پہلے واقعے میں ابو ظبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب جانے والی ایمریتس ائیرلائنز کی پرواز ای کے 837 کو روکنے کی کوشش کی گئی تھی۔دوسرے واقعے میں اتحاد ائیر لائنز کی پرواز ای وائی 23 بی کو قطری لڑاکا جیٹ نے روکنے کی کوشش کی تھی۔

متعلقہ عنوان :