ورلڈ الیون کی پاکستان آمد قومی کھیل کی بحالی کے لئے انتہائی اہم ہے ،کل دنیائے ہاکی میں پاکستان کا پرانا وقار بحال ہورہا ہے ،جلد ہی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آئیں گی

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی پریس کانفرنس

جمعرات 18 جنوری 2018 22:18

ورلڈ الیون کی پاکستان آمد قومی کھیل کی بحالی کے لئے انتہائی اہم ہے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کی پاکستان آمد قومی کھیل کی بحالی کے لئے انتہائی اہم ہے ،کل دنیائے ہاکی میں پاکستان کا پرانا وقار بحال ہورہا ہے ،جلد ہی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئین شہباز احمد ،پال لٹجنس،بروک، اولمپین شہناز شیخ،پی ٹی سی ایل کے چیف کمرشل آفیسرعدنان شاہد،پی ٹی سی ایل کے شہزاد شاہ،انوویٹرز کے ذاکر علی ،ڈان پرائر،شہر ہ آفاق کھلاڑی جون بویلنڈر،ورلڈ الیون کے کپتان روڈر، قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کپتان جنید منظور،اولمپئن حسن سردار، قمر ابراہیم، ناصر علی، سیکارا ،کرسچیان بلانک اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان میں انٹر نیشنل ہاکی کی واپسی کے لئے کوششیں پہلے دن سے ہی شروع کر دی تھیں اور آج ہم نے کامیابی کی جانب پہلا قدم اٹھایاہے، ورلڈ الیون کے آئیڈیا کو ہر جانب سے پذیرائی مل رہی ہے، نامور کھلاڑی پاکستان میں موجود ہیں جس کا مطلب ہے کہ دنیائے ہاکی میں پاکستان کا وقار بحال ہو رہا ہے پہلے کوئی ہماری بات نہیں سنتا تھا اب ہماری بات سنی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ہماری کوشش ہے کہ کامن ویتھ گیمز اور ایشین گیمز سے پہلے ہمیں پریکٹس کے طور پر کوئی فو ر نیشن ٹورنامنٹ مل جائے تاکہ ہمیں اپنی تیاریوں کا اندازہ ہو سکے۔ پی ٹی سی ایل کے عدنان شاہد نے کہا کہ قومی کھیل کی بحالی میں اپنا حصہ ڈال کر ہمیں بہت خوشی ہے مستقبل میں بھی پاکستان ہاکی کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے ۔

ورلڈ الیون کو پاکستان لانے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سابق امپائر ڈان پرائر کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف نے ورلڈ الیون کا آئیڈیا دیا جس پر کام کرکے مجھے دلی خوشی ہے، پاکستان میں انٹر نیشنل ہاکی کے لئے کام کرنے میں بہت پر جوش ہوں۔ اس موقع پر پال لٹجنس اور دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کو پر امن اور کھیلوں کے لئے محفوظ ملک قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :