Live Updates

اسپیکر سردار ایاز صادق سے چوہدری نثار، خواجہ محمد آصف اور شیخ آفتاب کی ملاقات، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال ،عمران خان اور شیخ رشید کی طرف سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کے بیانات پر اظہارتشویش ، بیانات پارلیمنٹ اور جمہوری روایات کے منافی اور پارلیمنٹ کی توہین قرار

جمعرات 18 جنوری 2018 18:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2018ء) قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب کی ملاقات، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کی طرف سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کے بیانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ان بیانات کو پارلیمنٹ اور جمہوری روایات کے منافی اور پارلیمنٹ کی توہین قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر ایاز صادق جو ایران کے دورے سے آج ہی وطن واپس پہنچے تھے، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ان سے 40 منٹ سے زائد دیر تک ون ٹو ون ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ (ن) کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں گزشتہ رات لاہور میں عوامی تحریک، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں کے مشترکہ جلسے میں عمران خان اور شیخ رشید کی تقاریر پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا اور ان تقاریر کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیا گیا، جب چوہدری نثار کی سپیکر سے ملاقات جاری تھی تو اس دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی ایوان سے اٹھ کر سپیکر کے چیمبر میں آ گئے اور ان کی بھی کچھ دیر ملاقات ہوئی۔

بعد ازاں وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد بھی سپیکر کے چیمبر میں آئے اور ایوان کی کارروائی دیگر امور پر بات چیت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات