ایبٹ آباد بورڈ کی منتقلی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی، شوکت ہارون خان

جمعرات 18 جنوری 2018 16:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے ممبر ضلع کونسل شوکت ہارون خان نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد بورڈ کی منتقلی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی، ایبٹ آباد بورڈ کا قیام 1980ء کی دہائی میں عمل میں لایا گیا، ایبٹ آباد اپنی خود مختار عمارت کا مالک ہے اور خیبر پختونخوا میں سب سے بڑی تعداد میں طلباء ایبٹ آباد بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

یہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران شوکت ہارون خان نے کہا کہ بیوورکریسی ہوش کے ناخن لے، اپنی ناکامی چھپانے کیلئے اداروں کو تباہ نہ کرے، ایبٹ آباد بورڈ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے جس کی حفاظت کرنا ہم جانتے ہیں، موجودہ ایبٹ آباد بورڈ کو سب آفس بنانے کی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے، صوبائی حکومت انوکھے انوکھے فیصلے کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف تبدیلی کے نعرے لگا لگا کر عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، ایبٹ آباد بورڈ میں سینکڑوں ملازمین کو یرغمال بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، اگر اس پر صوبائی حکومت نے کام دھرا تو وہ ایبٹ آباد اور صوبہ کے دیگر بورڈ ملازمین کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ صوبائی حکومت پر عائد ہو گی۔

ممبر ضلع کونسل نے مزیدکہا کہ ایبٹ آباد بورڈ بڑی کوششوں اور قربانیوں کی بدولت قائم ہوا جس کو بیوروکریسی کی سازشوں کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، بورڈوں کی خودمختیاری ہی ان کی کامیابی کی اصل وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت آئے روز نئے نئے کارنامے سرانجام دیکر ملازمین اور عوام میں پریشانی بڑھا رہے ہیں، صوبہ کے تمام بورڈز کو ان کی موجود ہ حالت میں چھوڑا جائے ورنہ بورڈ ملازمین کے ساتھ بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔