حکومت ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی حفاظت کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد الله خان کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 جنوری 2018 17:01

حکومت ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی حفاظت کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد الله خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی حفاظت کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اس حوالہ سے انڈومنٹ فنڈ کا قیام بہت اہم ہے۔ وہ تلور اور ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کیلئے انڈومنٹ فنڈ بارے منعقدہ دوسرے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو یہ فنڈ درست سمت میں استعمال کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں بورڈ سے منظوری کیلئے بنائے گئے مالیاتی قواعد کا جائزہ لیا گیا اور ان میں پائے جانے والے مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ اس موقع پر یہ بھی کہا گیا کہ کسی بھی صوبہ میں ہجرت کرنے والے پرندوں کی تعداد معلوم کرنے کیلئے تھرڈ پارٹی کی جانب سے ویلیڈیشن کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فنڈ منیجر کی تقرری کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا۔ اسی طرح قواعد میں تکنیکی مسائل کے حل کیلئے ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے فنانشل رولز میں موجود تکنیکی مسائل جلد دور کرنے اور اس حوالہ سے مکمل دستاویز آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، انسپکٹر جنرل فاریسٹ اور چیف کنزرویٹو سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔