Live Updates

پارلیمنٹ کو گالی کی توقع شیخ رشید سے تھی عمران خان سے نہیں ‘

پارلیمنٹ ریاست کی ماں ہے‘ پارلیمنٹ کو گالی دینا ریاست کو گالی دینے کے مترادف ہے،سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری کی پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو

جمعرات 18 جنوری 2018 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2018ء) سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے عمران خان اور شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ کو گالی دینے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ اس بات کی توقع شیخ رشید سے کی جاسکتی ہے مگر ایک ایسے شخص سے جو کہ ایک سیاسی پارٹی کا سربراہ ہو اور مستقبل میں ملک کا وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہا ہو اس سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی‘ پارلیمنٹ ریاست کی ماں ہے‘ پارلیمنٹ کو گالی دینا ریاست کو گالی دینے کے مترادف ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینٹ اور پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری نیئر حسین بخاری نے لاہور جلسے میں شیخ رشید اور عمران خان کی جانب سے پارلیمان پر لعنت بھیجنے کے حوالے سے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ریاست کی ماں ہے اور اسے گالی دینا بالکل بھی جمہوری روایات کے خلاف ہے۔

انہوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے حوالے سے کہا کہ منی لانڈرنگ کے کاریگر اسحاق ڈار اب وعدہ معاف گواہ نہیں بلکہ مجرم بن چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں جتنی بھی ہائوسنگ سوسائٹیاں ہیں وہاں قبرستان کے لئے اراضی مختص نہیں کی گئی اور وہاں کے مکین قبرستان کے لئے جگہ ڈھونڈھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں روز بروز تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں لیکن ہر سیاست دان کو ہمیشہ تول کر بولنا چاہئے۔

شیخ رشید جیسے شخص سے اس بات کی توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو گالی دے مگر عمران خان جو ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ان کو یہ ہرگز زیب نہیں دیتا کہ وہ اس پارلیمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت شیخ رشید اور عمران خان نے یہ بیانات دیئے میں وہاں موجود نہیں تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات