Live Updates

پارلیمنٹ کو پارلیمنٹیرینز نے ہی تباہ کیا‘شریف خاندان نے اپنے ملازموں کے ذریعے اربوں روپے بیرون ممالک بجھوائے۔عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 جنوری 2018 16:31

پارلیمنٹ کو پارلیمنٹیرینز نے ہی تباہ کیا‘شریف خاندان نے اپنے ملازموں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جنوری۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ پارلیمنٹ کو پارلیمنٹیرینز نے ہی تباہ کیا کیونکہ یہاں بیٹھے لوگ فراڈ کرنے والوں کو پارٹی قائد بنانے کے لیے اسمبلی سے قانون پاس کرارہے ہیں۔بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے حکومت کی اور قوم کا پیسہ لوٹ کر منی لانڈرنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہل میٹل کے ذریعے اپنی رقم اپنے ملازمین اور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو بھیجتے تھے اور یہ رقم پاکستان سے دبئی اور پھر آگے جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہل میٹل سے متعلق ہماری ٹیم نے نئے انکشافات کیے ہیں جبکہ حدیبیہ پیپر ملز بھی منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ 1999 میں نواز شریف کی دولت میں تیزی سے اضافہ ہوا اور پاناما کے بعد انکشاف ہوا شریف خاندان کی 16 کمپنیاں تھیں اور شریف خاندان کی ان کمپنیوں میں 300 ارب روپے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے چوری کا بلیک پیسہ باہر جا کر وائٹ ہو کر واپس آجاتا تھا۔عمران خان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ خود پارلیمنٹ پر ایک دھبہ ہے، اور امریکا میں جاکر ڈونلڈ ٹرمپ کی زبان بولتے رہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے پارلیمینٹ کی بے حرمتی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیر خارجہ دبئی میں نوکری کررہا ہے اور ان کے بینک اکاﺅنٹ سے پیسہ امریکا جارہا ہے، کیا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو معلوم نہیں کہ خواجہ آصف بیرونِ ملک نوکری بھی کرتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے و زیراعلی پنجاب شہباز شریف کو طلب کرنے پر ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور چیئرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم ل±ٹی ہوئی ہے، ترسی ہوئی ہے، یہ آپ ہی کی طرف دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل جو ڈرامہ چل رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، آج اس کی دوسری قسط پیش کررہا ہوں، انہوں نے دبئی میں کمپنی بنائی ہوئی تھی، یہاں سے پیسہ وہاں بھیجتے تھے اور پھر وہاں سے آگے جاتا تھا، ہل میٹل کمپنی نے 116 کروڑ نواز شریف اور 80 کروڑ مریم نواز کے نام کئے۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے اپنے ملازموں اور نوکروں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی، یہ لوگ پنجاب پولیس کے کانسٹیبلز کے ذریعے منی لانڈرنگ کراتے رہے، انہوں نے جاتی امرا ءکے ڈرائیور کے ذریعے 5 کروڑ ایک شخص کو بھجوائے جبکہ نواز شریف کے ڈرائیور نے 18 کروڑ روپے بھیجے، ہم منی لانڈرنگ کے تمام ثبوت نیب کو دیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :