شیخ رشید قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دیں گے، مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 جنوری 2018 15:23

شیخ رشید قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دیں گے، مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ شیخ رشید قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دیں گے، ایک پارٹی کے سربراہ کو پارلیمنٹ کے بارے میں اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہیے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طاہر القادری کا شو فلاپ ہوگیا وہ اس طرح کی کروٹیں بدلتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹررمیش نے کہاکہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کو پارلیمنٹ کے خلاف اس طرح بات نہیں کرنی چاہیے تھی، مجھے حیرت ہوئی وہ اس پارلیمنٹ سے تنخواہ لے رہے ہیں اور پارلیمنٹ آتے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز مال روڈ کے جلسے میں پی پی پی اور پی ٹی آئی کے ورکرنہیں آئے، صرف عوامی تحریک سے لوگ تھے جو دوسری جماعتوں کے جھنڈے لے کر کھڑے تھے۔ اگر پی پی پی اور پی ٹی آئی کے ورکر آتے تو دونوں کی آپس میں لڑائی ہوجاتی۔ ڈاکٹر رمیش نے کہاکہ شیخ رشید احمد نے لاہور کے جلسے میں قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا وہ ایسا نہیں کریں گے، اگر انہوں نے استعفیٰ دیا تو فوری منظور کرکے حلقہ میں ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔