احتساب عدالت کی نیب کو اسحاق ڈار کے خلاف اعتراضات جواب جمع کروانے کی آخری مہلت - اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 جنوری 2018 11:14

احتساب عدالت کی نیب کو اسحاق ڈار کے خلاف اعتراضات جواب جمع کروانے کی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جنوری۔2018ء) احتساب عدالت نے نیب کو اسحاق ڈار کی جانب سے دائر اعتراضات کا جواب داخل کرانے کے لئے آخری مہلت دیتے ہوئے اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی جبکہ منجمد ہجویری اکاﺅنٹس بحال کرنے کی درخواست پر سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے حکم امتناع ختم ہونے کے بعد اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس پرآج سماعت ہوئی۔

سماعت شروع ہوتے ہی جسٹس محمد بشیر نے سوال کیا کہ عدالتی کارروائی پر جو حکم امتناع تھا اس کا کیا بنا؟نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسحاق ڈار کی مرکزی پٹیشن ہی خارج ہوگئی ہے، 28 میں سے 10 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد بشیر نے کہا کہ آئندہ سماعت پر زیادہ سے زیادہ گواہان کو بلایا جائے۔

واضح رہے کہ20 دسمبر کو اسحاق ڈار کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے حکم امتناع جاری کئے جانے کے بعد احتساب عدالت میں ریفرنس پر کارروائی روک دی گئی تھی۔عدالتی حکم پر 20 جنوری کو اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کی کاپی احتساب عدالت میں جمع کرائی جس کے بعد سماعت آج تک ملتوی کردی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :