Live Updates

پیپلز پارٹی،تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کا ملک میں لاشوں پر سیاست کو فروغ دینا انتہائی افسوسناک ہے،مخالفین سیاسی میدان میں مسلم لیگ ن کا مقابلہ نہیں کر سکتے، وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 18 جنوری 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کا ملک میں لاشوں پر سیاست کو فروغ دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے مخالفین سیاسی میدان میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور حکومت کے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بدنام کرنے کے لیے متحد ہو رہے ہیں لیکن وہ اس ضمن میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ محمد نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عوام سے مسترد شدہ سیاسی جماعتوں نے لاہور میں سیاسی سرکس منعقد کی جس کا صرف ایک ہی مقصد تھا اور وہ تھا اقتدار کا حصول جسے وہ کسی بھی قیمت پر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے موقف کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنی جماعت کی سندھ میں حکومت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے اور بلدیہ ٹائون سمیت 12 مئی کے واقعے کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا چاہیئے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹائون واقعہ کا کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہے لیکن طاہرالقادری اور اس کے پیرو کار اس کیس کا انصاف دھرنوں اور مظاہروں کے ذریعے سڑکوں پہ چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ماڈل ٹائون واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے کے لیے تیار ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات