لاہور میں عوام نے متحدہ اپوزیشن کے جلسہ کا بائیکاٹ کر کے منفی دھرنا سیاست کو دفن کر دیا، کوئی بھی انتشار پھیلا کر پاکستان کی ترقی کو کریش نہیں کر سکتا، عمران اور زرداری ایک ہی کشتی کے سوار ہیں،وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال

بدھ 17 جنوری 2018 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسہ کے حوالے سے کہا ہے کہ عوام نے متحدہ اپوزیشن کے جلسہ کا بائیکاٹ کر کے منفی دھرنا سیاست کو دفن کر دیا، کوئی بھی انتشار پھیلا کر پاکستان کی ترقی کو کریش نہیں کر سکتا، عمران اور زرداری ایک ہی کشتی کے سوار ہیں۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کو دھوکہ دینے میں ناکام ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے جلسہ میں عوام نے شرکت نہیں کی۔ عوام نے اپوزیشن کی منفی دھرنا سیاست کو مسترد کرتے ہوئے مال روڈ پر دفن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نوازشریف نے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، کوئی بھی فرد انتشار پھیلا کر ملک کی ترقی کو کریش نہیں کر سکتا۔ عمران خان اور زرداری کی سیاست ایک ہے اور وہ ایک ہی کشتی کے سوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پا کستان کو تباہی کی دلدل سے نکالا اس لئے عوام اس کے ساتھ ہیں۔ نوازشریف کی حکمت عملی کے باعث (ن) لیگ 2018ء کے انتخابات میں 2013ء کے مقابلے میں اور بھی بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔