سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر کی زیرصدارت اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس برائے ریڈنگ پروجیکٹ منعقد

بدھ 17 جنوری 2018 23:52

کوئٹہ۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر کی زیرصدارت اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس برائے ریڈنگ پروجیکٹ منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء میں ریڈنگ اسکلز کے فروغ کے لئے سترہ اضلاع میں احسن طریقے سے خدمات مہیا کی جارہی ہیں جس میں یو ایس ایڈ کا اشتراک قابل تحسین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے بھر کے دورافتادہ علاقوں کے بچوں کی پڑھنے کی مہارت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ پروجیکٹ کے ذریعے پڑھنے کی مہارتیں بنانے کی ترغیب بھی دی جاسکے گی جس سے طلباء وطالبات میں تحقیق کے عنصر کو فروغ مل سکے گا۔ اس پروجیکٹ کے تحت بچوں کو کمرہ جماعت میں پڑھنے کے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے گی۔

(جاری ہے)

اس پروجیکٹ کے تحت پالیسی سازی کے لئے مربوط لائحہ عمل پر بھی کام جاری ہے اور کمیونٹی کی سطح پر لوگوں کو فروغ تعلیم وپڑھنے کے حوالے سے معاونت اور مشاورات بھی فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کی کامیابی کے لئے تمام وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے انتھک محنت اور کوشش جاری رکھیں۔ اجلاس کو پروجیکٹ کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ بھی دی گئی جس پر سیکریٹری تعلیم نے اس کارکردگی کی تعریف بھی کی۔اجلاس میں ایڈیشنل تعلیم محمد فاروق کاکر، بیورو نصاب نظر محمد کاکڑ، سی ای او بیک پروفیسر سعداللہ توخئی، ڈائریکٹر پائٹ داؤد خان، ڈائریکٹر اسکولز نثارآغا، چیئرمین بلوچستان ٹیسٹ بک بورڈ بنیل بلوچ ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نصاب کے حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :