پائیدار بنیادوں پر امن کا قیام اولین ترجیح رہے گی،توقع ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن وا مان کی صورتحال کی بہتری عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی بہتر کارکردگی کا نہ صرف تسلسل برقرار رکھیں گے بلکہ اسے مزید بہتر بنائیں گے،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

بدھ 17 جنوری 2018 23:51

کوئٹہ۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ پائیدار بنیادوں پر امن کا قیام ان کی اولین ترجیح رہے گی اور انہیں توقع ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن وا مان کی صورتحال کی بہتری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی بہتر کارکردگی کا نہ صرف تسلسل برقرار رکھیں گے بلکہ اسے مزید بہتر بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سے ملاقات کے دوران انہیں ا من و امان کے حوالے سے اپنی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پولیس نے وزیر اعلیٰ کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کوئٹہ کے سیکیورٹی پلان اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مختصر مگرجامع بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ انہی قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج صوبے میں امن کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہتر ہے تاہم اس میں بہتری کے مزید گنجائش بھی موجود ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ سیکورٹی فورسز باہمی اشتراک اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں سرخرو ہونگے انہیں صوبائی حکومت کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ امن و ترقی لازم وملزوم ہیں امن ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی نجی شعبہ ترقی کریگا ترقیاتی عمل تیز ہوگا اور بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی خوہش ہے کہ ہم حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے تک عوام کے لئے امن کی بہتری اور ترقیاتی شعبہ میں ایسے عملی اقدامات کرجائیں جن سے انہیں ایک مثبت تبدیلی کا احساس ہو۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر بلخصوص کوئٹہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید جامع اور موثر بنانے کی ہدایت کی۔