وفاقی حکومت کے ساتھ اہم صوبائی امور پر صوبے سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

بدھ 17 جنوری 2018 23:51

کوئٹہ۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ اہم صوبائی امور پر صوبے سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ وہ سینیٹ اورقومی اسمبلی میں بہتر اور موثر انداز میں ان امور کو اجاگر کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سکندر ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جمعیت کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر مملکت مولانا امیر زمان رکن قومی اسمبلی میرعثمان بادینی سابق صوبائی وزراء اور جمعیت کے دیگر صوبائی عہدیداروفد میں شامل تھے۔جنہوں نے وزیر اعلیٰ کو وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونے کے دور رس نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

جس سے ا س حوالے سے مشترکہ کاوشوں کو تقویت ملے گی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے اس ضمن میں اپنی جماعت کے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی۔ ملاقات میں سپیرر راغہ درگ تونسہ روڈ اور سنجاوی تا لورالائی روڈ کے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کے آغاز سے اتفاق کیا گیا اوروزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ متعلقہ محکموںکو ان منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کرکے کام کے آغاز کی ہدایت کی جائے گی۔