تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی ‘ میئر سکھر

بدھ 17 جنوری 2018 23:42

سکھر۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ نائز تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے بلدیہ کے افسران و عملے کو ہدایات جاری کیں کہ ڈھک روڈ ، نشتر روڈ اور ریشم گلی سمیت قرب و جوار میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سیوریج لائنوں کی صفائی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے، سیوریج لائنوں کی صفائی میں رکاوٹ بننے والے تھڑوں کے حوالے سے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ نالیوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ، شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ڈھک روڈ کے دونوں اطراف نکاسی کی لائنوں کے تعمیراتی کام کو معیار کے مطابق اور بلا تاخیر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

میئر سکھر کی ہدایات کی روشنی میں شرف الدین ڈنور ایگزیکٹو انجینئر بلدیہ اعلیٰ سکھر نے ان علاقوں کا دورہ کیا۔ عابد علی انصاری ، آفس سپرنٹنڈنٹ ہیلتھ عطاء الرحمن ، ٹکٹنگ انسپکٹر خالد حسین بھٹی، انکروچمنٹ انسپکٹرز انور سومرو ، عدنان میمن اور شاہد جتوئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ان تجارتی مراکز میں میں دکانداروں نے اپنی دکانوں کے سامنے 4 سے 5 فٹ تک پختہ تھڑے ( لینٹرز) بنالئے ہیں جس کی وجہ سے نالیوں کی صفائی میں رکاوٹ کا سامنا تھا لہٰذا انکروچمنٹ کے عملہ نے کارروائی کرتے ہوئے نالیوں پر تعمیر کئے گئے کافی لینٹرز کو مسمار کردیا جبکہ مزید دکانداروں نے بھی رضا کارانہ طور پر ان لینٹرز کو توڑنے کی یقین دہانی کرائی۔

ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ ڈھک روڈ کی تعمیر ہائی ویز ڈپارٹمنٹ کررہا ہے، البتہ نالیوں کی پختگی کا کام میونسپل کارپوریشن چند روز میں مکمل کرلے گی۔ انہوں نے انکروچمنٹ عملہ کو ہدایت کی کہ پختہ تھڑوں کوفوری طور پر مسمار کردیا جائے جبکہ محکمہ صحت و سینیٹیشن ان نالیوں کی صفائی کوممکن بنائے۔ واضح رہے کہ نالیوں پر ناجائز تعمیرات کے باعث نکاسی آب کی لائنوں کی صفائی ممکن نہ تھی جس کے باعث تجارتی مراکز میں سیوریج کا پانی جمع ہوجاتا ہے لہٰذا ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رہے گی ۔

انہوں نے محکمہ صحت و تجاوزات کے افسران کو ہدایت کی کہ اہم تجارتی مراکز سے نالیوں پر تجاوزات کو بلا امتیاز ختم کیا جائے ‘ صفائی کا کام مکمل کر کے نکاسی آب کو رواں رکھا جائے تاکہ شہریوں اور دکانداروں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔