آصف علی زرداری کی جانب سے مردان میں چار سالہ معصوم بچی عاصمہ کے زیادتی کے بعد سفاکانہ قتل پر غم و غصے کا اظہار

بدھ 17 جنوری 2018 23:41

سکھر۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے مردان میں چار سالہ معصوم بچی عاصمہ کا زیادتی کے بعد سفاکانہ قتل پر شدید غم و غصے کا اظہارکیا ہے۔ سکھرمیں پی پی پی میڈیا سیل کوارڈینیٹر ہادی بخش کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ معصوم بچوں سے زیادتی اور ان کا سفاکانہ قتل ناقابل برداشت اور ناقابل معافی جرم ہے۔

انہوں نے کہا اس طرح کے بڑھتے ہوئے شرمناک واقعے باعث تشویش ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ معصوم بچی عاصمہ کے والدین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا صدمہ پوری قوم کا صدمہ ہے۔ وحشی درندے نہ قانون کی گرفت سے بچ سکتے ہیں نہ قدرت کے عذاب سے۔ آصف علی زرداری نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادتی کا شکار عاصمہ کے والدین کی ہر طرح کی اخلاقی، قانونی مدد کریں۔ آصف علی زرداری نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ کے پی کی حکومت نے متاثرہ خاندان تک رسائی تک نہیں کی۔ انہوں نے کے پی کی حکومت سے کہا کہ وہ فوری طور پر واقعے کے مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :