ضلع کونسل سکھر کی جانب سے تین ممبران اور6 ملازمین کے عمرے کی ادائیگی کے لئے قرعہ اندازی کی گئی

بدھ 17 جنوری 2018 23:41

سکھر۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) ضلع کونسل سکھر کا اجلاس چیئرمین محمداسلم شیخ کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں مفت عمرے کی ادائیگی کے لئے قرعہ اندازی کی گئی ۔ ضلع کونسل کے اجلاس کے دوران مختلف ممبران کے ہاتھوں سے قرعہ اندازی کرائی گئی جن خوش نصیبوں کے نام قرعہ اندازی میں عمرے کی ادائیگی کے لئے نکلے ان میں تین ضلع کونسل ممبر فیروز خان مہر، محترمہ فرزانہ اور تقی خان جبکہ ملازمین میں قادر بخش میرانی ، غلام رسول ، کریم بخش ، محمد انور ، عبدالرحیم اور عبدالحمید شامل ہیں ۔

ضلع کونسل چیئرمین محمد اسلم شیخ نے عمرے کی ادائیگی کے لئے قرعہ اندازی میں منتخب خوش نصیبوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہ مقدس مقام پر جا کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خاص دعائیں مانگیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران اور عملے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دفتروں میں وقت کی پابندی کا خیال رکھاجائے اور اپنے فرائض ایمانداری اور سچائی سے پورے کئے جائیں تا کہ عوام کی مشکلات سے نکال کر ان کے مسائل کو اولین بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

ضلعی چیئرمین محمد اسلم شیخ نے کہا کہ حکومت سندھ نے سکھر کی ترقی کے لئے خصوصی فنڈز جاری کئے ہیں، ممبرز دو دن کے اندر اپنی ترقیاتی اسکیمیں تیار کر کے جمع کرائیں جبکہ سولر لائٹس کی اسکیموں کو زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے تا کہ گاؤں اور شہروں کو روشن کا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کی یونین کونسلز میں ہر مہینے طبی کیمپس لگائے جائیں گے تا کہ غریب عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائی جا سکیں ۔