ڈی سی سکھر کی زیر صدارت ضلعی کو آرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ، امن و امان کی صورتحال پر غور

بدھ 17 جنوری 2018 23:41

سکھر۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سکھرکا اہم اجلا س ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی زیر صدارت ان کے آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس، ایئر پورٹ، اوقاف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ امن و امان تمام اداروں کی اولین ترجیحات میںشامل ہونا چاہئے اور تفریحی مقامات سمیت درگاہوں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ممکنہ دہشت گردی یا تخریب کاری کی روک تھام کے لئے مدارس ، پیٹرول پمپس اور ہوٹلوں کی نگرانی مزید سخت کی جائے اور مسافر خانوں میں رہائش پذیر لوگوں سمیت مانگنے والے فقیروں کا بھی ریکارڈ رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی سکھر نے کہا کہ صدرالدین باد شاہ سمیت دیگر مزاروں پر سرچنگ اور سیکیورٹی کا عمل بہتر بنایا جائے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے بھی مانیٹرنگ کی جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود مزاروں اور دیگر مقامات کی حفاظت کے کام پر نظر رکھیں ۔ سکھر ایئر پورٹ مینیجر کی جانب سے ائیر پورٹ کے اطراف میں پولیس چوکیوں کی تعداد بڑھانے کے مطالبے پر ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے پولیس کو ہدایت کی کہ ائیر پورٹ کے اطراف میں گشت میں اضافہ کیا جائے، جبکہ ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو رینجرز کے ساتھ آزمائشی مشقیں کرائی جائیں تا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بخوبی نمٹا جا سکے۔

سینٹرل جیل سکھر کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ سٹاف کالونی میں سرکاری زمینوں پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبضے کئے جارہے ہیں جس پر ڈی سی سکھر نے ہدایات جاری کیں کہ جیل کالونی کی خالی پڑی زمینوں کا ریکارڈ ریوینیو سے جانچ پڑتال کے بعد قبضے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :