ایڈیشنل سیشن جج کا سکھر سول ہاسپیٹل کا دورہ، ڈاکٹرز کو ڈیوٹی کی پابندی کرنے کی ہدایت

بدھ 17 جنوری 2018 23:41

سکھر۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) ایڈیشنل سیشن جج سکھر اللہ بچایو گبول نے غلام محمد مہر ٹیچنگ ہاسپٹل سکھر کا دورہ کرکے ڈاکٹرز کو ڈیوٹی کا پابند بنانے اور او پی ڈی میں سیٹوں پر موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج سکھر اللہ بچایو گبول نے سول ہسپتال سکھر کے مختلف شعبوں، او پی ڈی، انڈور، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین ، ایکسرے اور ڈینٹل یونٹ کا دورہ کیا اور وہاں پر مریضوں کو ملنے والی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے ہسپتال کے کچن کا دورہ کرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ کھانے کی اشیاء میں مریضوں کو چربی والا گوشت نہ دیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کھانا پینا مریضوں کو دینے سے پہلے کسی ڈاکٹر سے چیک کرایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ غیر متعلقہ لوگوں کی گاڑیوں کو انڈور میں کھڑا کرنے کی اجازت نہ دی جائے جبکہ ٹیچنگ سائیڈ ڈاکٹرز کا شیڈول ایم ایس کی مشاورت سے جاری کیا جائے۔

ایڈیشنل سیشن جج سکھر نے کہا کہ ڈاکٹرز او پی ڈی میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں اور اپنی سیٹوں پر موجود رہیں تا کہ مریضوں کو کوئی بھی مشکلات پیش نہ آسکیں جبکہ ڈاکٹرز مریضوں کی رہنمائی کیلئے سٹاف مقرر کریں ۔ ایڈیشنل سیشن جج سکھر نے او پی ڈی میں نیورو سرجن ڈاکٹر لال چند کی غیر موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کو ڈیوٹی پر پابند بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو اسپتال میں جاری ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کا پابند بنایا جائے ، جبکہ مریضوں کو ادویات دینے میں آسانی پیدا کی جائے۔