امن مذاکرات کیلئے افغان طالبان کا سیاسی وفد پاکستان میں موجود ہے ،امریکی میڈیا کا دعویٰ

افغان طالبان کے وفد کی قیادت شہاب الدین دلاور کررہے ہیں،وفد کو پاکستان بھیجنے کا مقصد افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور امن وامان کے قیام کے غرض سے پاکستانی حکام سے بات چیت کرنا ہے، یہ مذاکرات کار دورے کے دوران امن مذاکرات کو آگے بڑھا کر سفارتی سطح پر پیس ٹاک کو نتیجہ خیز بنائیں گے،وائس آف امریکہ ترجمان طالبان کا سیاسی وفد کی پاکستان میں موجودگی کی اطلاعات سے اظہار لاتعلقی اس سے متعلق معلومات حاصل کرکے میڈیا کو آگاہ کریں گے،ذبیح اللہ مجاہد

بدھ 17 جنوری 2018 23:22

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2018ء) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ افغانستان میں قیام امن کا مشن لیے افغان طالبان کے سیاسی رہنما پاکستان میں موجود ہیں۔وائس آف امریکہ کے مطابق افغان طالبان نے امن مذاکرات کے لیے اپنے سیاسی رہنماوں پر مشتمل ایک وفد کو پاکستان بھیجا ہے جس کا مقصد افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور امن وامان کے قیام کے غرض سے پاکستانی حکام سے بات چیت کرنا ہے۔

(جاری ہے)

قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر سے وابستہ تنظیم کے تین سینئر ارکان پر مشتمل وفد شہاب الدین دلاور کی سربراہی میں اسلام آباد پہنچا ہے اور یہ مذاکرات کار دورے کے دوران امن مذاکرات کو آگے بڑھا کر سفارتی سطح پر پیس ٹاک کو نتیجہ خیز بنائیں گے۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ وہ طالبان حکام کی پاکستان میں آمد سے آگاہ ہیں تاہم ان کے مشن کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔دوسری جانب ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سیاسی وفد کی پاکستان میں موجودگی کی اطلاعات سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے متعلق معلومات حاصل کرکے میڈیا کو آگاہ کریں گے تاہم وہ فوری طور پر طالبان رہنماں کے پاکستان دورے کی تصدیق نہیں کررہے۔