ملک دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کیلئے ہم سب کو ہر محاذ پر قومی یکجہتی ، باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ و فکر کا مظاہرہ کرناہو گا‘رفیق رجوانہ

ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ملک میں زندگی گزار رہے ہیں‘گورنر پنجاب

بدھ 17 جنوری 2018 23:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں سابق گورنر خیبر پختون خواہ انجینئر شوکت اللہ خاں کے صاحبزادے نجیب اللہ خاں کی قیادت میں 17رُکنی وفد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لئے ہم سب کو ہر محاذ پر قومی یکجہتی ، باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ و فکر کا مظاہرہ کرناہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دُنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کی جنگ پاکستان نے لڑی ہے اور لڑرہا ہے جس میں پاکستانی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی قربانیاں شامل ہیں۔گورنر نے کہا کہ ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے حوالے سے فاٹا کے عوام کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے ہی اسے مل کر سنوارنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کے بنیادی مقاصد صرف اور صرف عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شروع کیے گئے میگاپراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے جس کی جلد تکمیل سے یقینا عوام کی زندگی میں انقلاب برپا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش بنیادی مسائل تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنارہی ہے۔

اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ وفد نے گورنر پنجاب کو خیبر پختون خواہ آنے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

متعلقہ عنوان :