آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن ، نیب نے شہباز شریف کو 22جنوری کو طلب کر لیا

نیب لاہور میں مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں ،نیب کی جانب سے نوٹس وزیر اعلی پنجاب کو اب تک نیب کی جانب سے ایسا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا‘ ترجمان پنجاب حکومت

بدھ 17 جنوری 2018 23:13

آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن ، نیب نے شہباز شریف کو 22جنوری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کے معاملہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو 22جنوری (پیر )کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو نیب آرڈیننس 1999 ء کے تحت 22جنوری کو صبح ساڑھے 10بجے مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کیا گیا ہے ۔

شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے آشیانہ اقبال میں کامیاب بولی حاصل کرنے والے کی بولی منسوخ کی۔

(جاری ہے)

آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی میں 19کروڑ 30 لاکھ سے زائد کا نقصان ہوا۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے حکم پر آشیانہ اقبال کا پراجیکٹ آگے ایوارڈ کیا گیا جس سے 71کروڑ 50لاکھ کا نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے د و ماہ قبل آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغازکیا تھا اور اس سے قبل سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو بھی طلب کیا گیا تھا جنہوں نے تفتیش ٹیم کے سامنے بیان قلم بند کروایا تھا ۔دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کو اب تک نیب کی جانب سے ایسا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔