لاہور میں تین سیاسی کزنوں کا اجتماع جاری ہے ،عوام شکست خوردہ ،سازشی عناصر کو مستردکرچکے ہیں، مریم اورنگزیب

پاکستان میں اب صرف کارکردگی کی سیاست ہو گی،سیاسی کزنز اپنے صوبے میں کسی قابل ذکر منصوبے کا نام عوام کو بتائیں، منتخب حکومت کیخلاف احتجاج کا تمام آئینی اور قانونی ادارے نوٹس لیں، آئندہ انتخابات اور سینیٹ الیکشن وقت پر ہونگے، وزیر مملکت کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 جنوری 2018 23:10

لاہور میں تین سیاسی کزنوں کا اجتماع جاری ہے ،عوام شکست خوردہ ،سازشی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں تین سیاسی کزنوں کا اجتماع جاری ہے ،عوام شکست خوردہ اور سازشی عناصر کو مستردکرچکے ،پاکستان میں اب صرف کارکردگی کی سیاست ہو گی،سیاسی کزنز اپنے صوبے میں کسی قابل ذکر منصوبے کا نام عوام کو بتائیں، منتخب حکومت کیخلاف احتجاج کا تمام آئینی اور قانونی ادارے نوٹس لیں۔

آئندہ انتخابات اور سینیٹ الیکشن وقت پر ہونگے۔بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں تین سیاسی کزنوں کا اجتماع جاری ہے ،عوام شکست خوردہ اور سازشی عناصر کو مستردکرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد اور نجومیوں کے ہاتھوں کھیلنے والی کٹھ پتلیوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے جس جذبے کیساتھ کنٹینر تیار ہوتے ہیں اتنا ہی جذبہ عوامی خدمت کیلئے چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری ہمیشہ ایک خاص وقت پر انتشارپھیلانے پاکستان آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب صرف کارکردگی کی سیاست ہو گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ چیلنج کرتی ہوں سیاسی کزن اپنے صوبے میں کسی قابل ذکر منصوبے کا نام عوام کو بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4سال کے دوران 11ہزار میگاواٹ بجلی قومی نظام میں شامل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی کزن اپنے صوبے میں بجلی کے منصوبوں سے آگاہ کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی عوام جس کو ووٹ دے گی وہی اقتدار میں آئے گا،آج کا اجتماع ماڈل ٹاؤن سانحہ کیلئے نہیں سیاسی مفادات کیلئے ہے،جو لوگ اکٹھے ہوئے ہیں وہ اپنے حلقے میں کونسلر کا انتخاب نہیں جیت سکے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سیاسی مفاہمت کے ساتھ ملک کو آگے لے جانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سڑکوں کا جال بچھ رہا تھا تو ایک شخص ایمپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کر رہا تھا ،سیاسی کزنوں کا گٹھ جوڑ ملکی ترقی اور عوام کی خدمت کیخلاف ہورہا ہے۔

وزیرمملکت نے کہا کہ انتخابات کے صرف 4ماہ پہلے ایک اور کنٹینر کی تیاری سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی مقبولیت کے خوف سے آج کا کنٹینر سجایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کراچی کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر احتجاج کیوں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت کیخلاف احتجاج کا تمام آئینی اور قانونی ادارے نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ، پارلیمنٹ، وزیراعظم کے گھر پر حملہ کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب جمہوریت پر شب خون نہیں مارنے دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات اور سینیٹ الیکشن وقت پر ہونگے۔