بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل ،پاکستان نے سری لنکا کو 156 رنز سے شکست دیدی

20 جنوری کو فائنل میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی

بدھ 17 جنوری 2018 23:05

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل ،پاکستان نے سری لنکا کو 156 رنز سے شکست ..
عجمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلے گئے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 156 رنز سے شکست سے دوچار کردیا ۔گرین شرٹس نے 8 وکٹ پر 489 رنز کا بڑا مجموعہ حاصل کیا، محمد راشد نے 139 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان نثار علی ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے، بدر منیر نے 72 رنز بنائے جبکہ آئی لینڈرز 7 وکٹ پر 333 رنز بنا پائے، چندرا دیشا پریا کی ناقابل شکست سنچری رائیگاں گئی۔

(جاری ہے)

بدر منیر نے 2 جبکہ انیس جاوید اور محسن خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد راشد 139 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔دوسری جانب بھارت نے بنگلہ دیش کو بآسانی 7 وکٹ سے ہرادیا، دفاعی چمپئن نے 257 رنز کا ہدف 17 اوورز قبل حاصل کر لیا۔ گنیش مہودکر 112 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ بنگلا دیش کے عبدالملک کی ناقابل شکست سنچری رائیگاں گئی۔میگا ایونٹ کا فائنل 20 جنوری کو پاکستان اور دفاعی چمپئن بھارت کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا۔