قتل کے مقدمہ کا فیصلہ چوک میں نہیں عدالت میں ہی ہوگا، جمہوریت کیساتھ کھلواڑ ہوا تو پہلی ذمہ داری شیطانی اتحاد کی ہو گی‘ خواجہ سعد رفیق

قادری کی قلابازیاں ضرب المثل بن چکی ہیں ،ہمیشہ جمہوریت کش کردار ادا کیا،زرداری کی کرتوتوں نے پیپلز پارٹی کو تانگہ پارٹی بنا دیا عادی جھوٹوں مذہبی بہروپیوں اور پیشہ ور ٹھگوں کا شیطانی اتحاد کھل کر سامنے آ گیا ،ایک دوسرے کو چور کہنے والے اکٹھے ہوگئے ‘ وفاقی وزیر

بدھ 17 جنوری 2018 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قتل کے مقدمہ کا فیصلہ چوک میں نہیں عدالت میں ہی ہوگا،تم شور مچا کر گند ڈال کر کسی کو قاتل نہیں بنا سکتے،جمہوریت کے ساتھ کوئی کھلواڑ ہوا تو پہلی ذمہ داری شیطانی اتحاد کی ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے متحدہ اپوزیشن کے مال روڈ پر ہونیوالے جلسے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قادری صاحب کی قلابازیاں ضرب المثل بن چکی ہیں ،انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کش کردار ادا کیا،کینیڈین شہری پاکستان میں انتشار اور افراتفری پھیلانے آتے ہیں ،وطن ِعزیز کو عدم ِاستحکام سے دوچار کرنیوالے غیر ملکی ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری !آپ کے کرتوتوں نے پیپلز پارٹی جیسی بڑی جماعت کو تانگہ پارٹی بنا دیا ،لوٹ کے مال سے سیاسی ٹٹو خرید سکتے ہو لیکن عوام کے ووٹ نہیں ۔مشرکہ جلسہ میں اہل لاہور کی عدم شرکت شیطانی اتحار پر عدم اعتماد کے مترادف ہے ۔ عادی جھوٹوں مذہبی بہروپیوں اور پیشہ ور ٹھگوں کا شیطانی اتحاد کھل کر سامنے آ گیا اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ایک دوسرے کو چور کہنے والے اکٹھے کیسے ہوگئے اور انکے اصل ارادے بھی بے نقاب ہو چکے ہیں۔