پاکستان اور ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کے حوالہ سے مشترکہ ورکنگ گروپ سے متعلق اتفاق کر لیا

پاکستان ایران میں سائنس و ٹیکنالوجی پارکس کے توسط سے معلومات کے تبادلوں میں گہری دلچسپی لے رہا ہے،رانا تنویر حسین

بدھ 17 جنوری 2018 23:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) پاکستان اور ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کے حوالہ سے مشترکہ ورکنگ گروپ سے متعلق پیشرفت میں مزید اضافہ پر اتفاق کر لیا۔ یہ اتفاق رائے بدھ کو تہران میں سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق پاک۔ایران ماہرین کے ایک اعلیٰ سطح کے مشترکہ اجلاس میں پایا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان انتہائی خوشگوار اور قریبی تعلقات قائم ہیں۔

دونوں ملکوں کے مابین ماہرین، تجاویز اور معلومات کے تبادلوں کے ساتھ تعاون کے پروگراموں پر عملدرآمد جاری ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تحقیق و ترقی اور نالج اکانومی کو فروغ دینے کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی پارکس کے قیام میں تیزی سے پیشرفت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی پارکس سے متعلق انٹر اسلامک نیٹ ورک کے ساتھ روابط استوار کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت ایران میں سائنس و ٹیکنالوجی پارکس کے توسط سے معلومات کے تبادلوں میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران کے ساتھ کامسٹیک، کامسٹیس، ایکو سائنس فائونڈیشن جیسے کثیر الجہتی فورمز کی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بھی جاری ہے۔ اجلاس کے دوران پاکستان سائنس فائونڈیشن کی تجاویز بھی زیر بحث لائی گئیں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر منصور غلامی کا بائیو ٹیکنالوجی، متبادلہ توانائی ٹیکنالوجیز، اوشنو گرافی، میٹریل سائنسز اور سائنس و ٹیکنالوجی پارکس کے شعبوں میں تعاون کیلئے شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے تجویز پیش کی کہ پاکستان میں پاک۔ایران جوائنٹ ٹیکنالوجی پارک ایران کے تعاون سے قائم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین اپنے ایرانی ہم منصب کی خصوصی دعوت پر ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :