تمام سیاسی جماعتیں حصول انصاف کیلئے یکجان ہیں،چودھری پرویزالٰہی

شہبازشریف جعلی مقابلوں میں لوگوں کو مروانے، ہسپتالوں میں موت بانٹنے کے ذمہ دار، پرامن مظاہرین کو سیدھی گولیاں مارنے کا رواج ڈالا، پنجاب کا بیڑا غرق کیا، علاج نہ امن و امان کل بھوشن کو بچانے والا مودی کا یار نوازشریف سازش کہہ کر منتخب ارکان کی توہین نہ کرے، بلوچستان میں ہمارا وزیراعلیٰ جمہوری تبدیلی ہے ، سابق وزیر اعلی پنجاب کا عوامی تحریک کے جلسے سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 22:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کا اجتماع ملکی تاریخ کا منفرد واقعہ ہے، تمام سیاسی جماعتیں حصول انصاف کیلئے یکجان ہیں، شہبازشریف جعلی پولیس مقابلوں میں لوگوں کو مروانے اور ہسپتالوں میں موت بانٹنے کے ذمہ دار ہیں، انہوں نے پرامن مظاہرین کو سیدھی گولیاں مار کر خون میں نہلانے کا رواج ڈالا، 10 سال میں پنجاب کا بیڑاغرق کر دیا ہے ہمارے دور کی مفت تعلیم، مفت علاج کی سہولتیں میسر ہیں نہ امن و امان کی وہ صورتحال۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بلوچستان میں ہمارے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی بہت تکلیف ہے، کل بھوشن کو بچانے والا مودی کا یار اس جمہوری تبدیلی کو سازش کہہ کر منتخب ارکان کی توہین نہ کرے، جب اللہ مدد کرتا ہے تو تعداد سے فرق نہیں پڑتا اللہ تعالیٰ نیت دیکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام جماعتوں کو مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے یہ شعر پڑھا، ’’گفتگو سے، نہ شاعری سے جائے گا… عصا اٹھائو کہ فرعون اسی سے جائے گا‘‘۔

طارق بشیر چیمہ، سینیٹر کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، سردار وقاص موکل اور دیگر پارٹی رہنمائوں و کارکنوں کی بہت بڑی تعداد کی قیادت کرتے ہوئے وہ مسلم لیگ ہائوس سے جلسہ گاہ پہنچے تو ڈاکٹر طاہرالقادری اور دیگر رہنمائوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، ان کے حق میں اور پنجاب حکومت استعفیٰ دو، شہدا کا قصاص لے کر رہیں گے کے نعرے لگائے گئے۔

جلسہ گاہ میں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کے تصاویر والے بہت سے بینر بھی آویزاں تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ لاہور سے چلنے والی دیگر تحریکوں کی طرح یہ بھی کامیاب ہو گی، ہر پارٹی کا الگ نظریہ ہے لیکن مقصد ایک ہے، سب ایک نقطے پر جمع ہیں، شریف حکمران اللہ کی پکڑ میں ہے، انہوں نے باقی ملک کی طرح بلوچستان کیلئے کیا کیا ان کی نااہلی، ان کے تکبر، فرعونیت کی وجہ سے ان کی پارٹی کے لوگ ہی چھوڑ گئے، شہبازشریف پنجاب میں 10 سال سے موت کی سیاست کا کھیل کھیل رہے ہیں، پولیس کو ذاتی غلام بنا رکھا ہے، اس لیے عوام حکمرانوں کو نہیں بلکہ آرمی چیف اور چیف جسٹس کو دادرسی اور انصاف کیلئے پکارتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج استعفیٰ دینے کی مہلت ختم ہو گئی اب محفوظ راستہ نہیں دیا جائے گا، بلوچستان میں اب آپ کی اتحادی پارٹی کی حکومت ہے، اب ہم سب نے مل کر پنجاب میں شہبازشریف کو گھر بھیجنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے روز منہاج القرآن میں جو مناظر دیکھے وہ کبھی نہیں بھول سکتا، اسی دن سے پاکستان مسلم لیگ ان مظلوموں کے لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے طاہر القادری صاحب کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاء اللہ ان کے ساتھ مل کر سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی، شہبازشریف ماڈل ٹائون، قصور اور دیگر بے گناہ افراد ہی کے قاتل نہیں بلکہ پچھلے دس سال سے وہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی موت بانٹ رہے ہیں، ظلم کی انتہا یہ ہے کہ میو ہسپتال میں 400بیڈ کے سرجیکل ٹاور اور وزیرآباد کارڈیالوجی سمیت جو ہسپتال ہم نے ان کو بنا کر دئیے انہوں نے میری مخالفت میں وہ بھی نہیں چلنے دئیے۔

انہوں نے تمام جماعتوں کے رہنمائوں اور حاضرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی ہٹ دھرمی سے اگر مزید خون خرابہ ہوتا ہے تو ااس کے ذمہ دار بھی صرف اور صرف وہ ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے دور میں پنجاب میں لا اینڈ آرڈر کا بجٹ 35 ارب روپے تھا جو اب146 ارب ہے لیکن سنگین وارداتوں سمیت تمام جرائم میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے جن کے قتل ہونے کے پرچے بھی ان کے خلاف کیے جاتے ہیں۔