دکھی انسانیت کی خدمت اور ملکی ترقی کیلئے مشنری جذبے کے ساتھ کردار ادا کرنا ہوگا،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 17 جنوری 2018 22:47

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء)گورنرخیبرپختونخو اانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت اور ملکی ترقی کیلئے مشنری جذبے کے ساتھ کردار ادا کرنا ہوگاموجودہ دور میں ترقیافتہ اقوام بھی کئی نسلوں تک مشکلات و مصائب کے بعد بہتر مستقبل کے حصول میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیں اور اس حوالے سے تعلیم ہی ان کی کامیابی کا زینہ تصور ہوتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارگورنرنے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں خیبرکالج آف ڈینٹسٹری کے گولڈمیڈلسٹ گریجویٹس کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرارشدجاوید،خیبرکالج آف ڈینٹسٹری کے ڈین پروفیسرڈاکٹر غلام رسول، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر منیراعظم، فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں گورنر نے گولڈمیڈلسٹ طلباء میں نقدانعامات بھی تقسیم کئے۔ گورنرنے گولڈمیڈل حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ شاندار کامیابی کا حامل ہونا ہی حقیقی مقصد نہیں ہونا چاہئے بلکہ پیشہ وارانہ اعتبار سے ایک ڈاکٹر کا باصلاحیت ہونے کے لیے بھی یہ امرضروری ہے کہ وہ اعلی اخلاقی و پیشہ وارانہ میعار بھی برقرار رکھیں اور دکھی انسانیت کی بہتیرین صلاحیتوں کے ساتھ خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ اس موقع پر خیبرکالج آف ڈینٹسٹری کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرغلام رسول نے طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے گورنرہاؤس میں تقریب منعقد کرنے پر گورنرکا شکریہ بھی ادا کیا۔