سکندرحیات شیرپائو نے بھارت و اسرائیل کی بڑھتی قربتوں کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قراردیدیا،

وفاقی حکومت افغانستان کیساتھ تعلقات میں پائے جانیوالے تنائو کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے ، اجلاس سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے بھارت اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی قربتوں کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حلقوں کو خارجہ پالیسی ترتیب دیتے وقت اس پہلو کو ضرور مد نظر رکھنا چاہیے کیونکہ اس سے سب سے زیادہ پاکستان کو ہی مسائل مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میراخیل بنوں میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر علاقہ کے ممتاز سیاسی شخصیت فرمان اللہ خان میراخیل نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اجتماع سے کیو ڈبلیو پی جنوبی زون کے چیئرمین عدنان وزیر،صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان اور ضلع بنوں کے پارٹی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت اور اسرائیل گٹھ جوڑکر رہے ہیں جس پرخصوصی نظر رکھنے کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت کو چاہیے کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں پائے جانے والے تنائواور غلط فہمیوں کے خاتمے کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن اور گرمجوشی کے تعلقات نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کیلئے بلکہ علاقائی اور عالمی امن کیلئے بھی بنیادی حیثیت رکھتے ہیں لہٰذا دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی اور باہمی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک تعلقات میں بہتری لانے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔

سکندر شیرپائو نے کہا کہ قصور واقعہ کے بعد مردان سانحہ نے پوری قوم کو افسردہ کردیا ہے اور واقعہ نے ہر فرد کے ضمیر کو جھنجھوڑکے رکھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کے لرزہ خیز واقعات پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے لہٰذا ملوث عناصرکو جلد گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ کوئی اور اس قسم کے فعل کا ارتکاب نہ کرسکے۔ انھوں نے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اور فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں شامل کیا جائے تاکہ فاٹا کے عوام کو نہ صرف اندھیروں سے چھٹکارہ مل سکے بلکہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :