وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس

خوش آئند قرار سعودی عرب کو پاکستانی افرادی قوت بھجوانے کے تناظر میں سعودی عرب کا پاکستان میں ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے پر اتفاق اس سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو تقویت ملے گی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد عبدالله الکسابی سے گفتگو

بدھ 17 جنوری 2018 21:49

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک۔سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد عبدالله الکسابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

سعودی وزیر تجارت پاک۔سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے 11ویں اجلاس میں شرکت کیلئے 35 رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاک۔سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے دوران کئے گئے اہم فیصلوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا جن میں پاکستان سے سعودی عرب کو حلال خوراک کی برآمد کیلئے ورکنگ گروپ کا قیام، سائوتھ نارتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر میں سعودی سرمایہ کاری، دوطرفہ تجارتی معاہدہ پر بات چیت تیز کرنے اور پارلیمانی وفود کا تبادلہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کو پاکستانی افرادی قوت بھجوانے کے تناظر میں سعودی عرب نے پاکستان میں ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اس کی انسانی وسائل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی کا ایک وفد آئندہ ہفتہ کے آغاز میں سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بھی سعودی عرب میں مدعو کیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی طرف سے پاکستانیوں کیلئے ویزہ میں نرمی اور ویزہ فیس میں کمی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات نہ صرف پاکستان کی حکومت کیلئے اہم ہیں بلکہ پاکستان کے عوام سعودی عرب اور خادمین حرمین شریفین کیلئے خصوصی احترام اور محبت کے جذبات رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر ماجد عبدالله الکسابی نے بھی سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کو دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کیا۔