میمن کمیونٹی کی معروف شخصیات ملک وقوم کا نام روشن کررہی ہیں، گورنر سندھ

بلاشبہ میمن برادری کی عملی زندگی کی جدوجہد دیگر افراد کے لئے قابل تقلید ہے ،دنیا کی 100 معروف میمن شخصیات کی تقریب رونمائی سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 21:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ میمن کمیونٹی بے لوث ، مہربان ، تعاون کرنے والی برادری ہے ، اس کمیونٹی نے تجارت ،تعلیم ، صحت ،سماجی خدمت ، تفریحی اور میڈیا سمیت دیگر شعبوں میں ماہر ، تجربہ کار ، با صلاحیت اور محنتی افراد فراہم کئے ،جو آج بھی اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں ملک وقوم کا نام روشن کررہے ہیں، بلاشبہ ان کی عملی زندگی کی جدوجہد دیگر افراد کے لئے قابل تقلید ہے۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی دنیا کی 100 معروف میمن شخصیات کی تاریخ ، کارناموں ، جدوجہد ، انتھک محنت اور لگن کے حوالہ سے شائع کتاب ایک اچھی کاوش اور ان کی خدمات کا واضح اعتراف ہے۔ انہوں نے بدھ کو ’’دنیا کی 100 معروف میمن شخصیات ‘‘ کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف صنعت کار عارف حبیب ، عقیل کریم ڈھیڈی ، سراج قاسم تیلی، حسین لاوائی ،پیر محمد دیوان ، محمد اعجاز سایا، بشیر علی محمد ، بشیر جان محمد ، عبد الغفار ورینڈ ،پروفیسر عبد الغفار بلو ، آصف مجید پانا والا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ محض ایک کتاب نہیں ہے بلکہ عظیم میمن شخصیات پر ایک ایسی مستند دستاویز ہے جس سے نئی نسل کو معلوم ہو سکے گا کہ ان کے بڑے دنیا کے کس کس ملک اور کس کس گوشے میں آباد ہیں اور کیسی کیسی بے مثال خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وڑن، انتھک محنت ، لگن اور خلوص نیت سے کام کرنے والے تاریخ میں امر ہو جایا کرتے ہیں اور آج کی تقریب اس کا واضح ثبوت ہے جہاں انتھک محنت کرنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی اپنے وڑ ن کے مطابق انتھک محنت ،لگن اور خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے ، آج امن و امان ، انرجی بحران اور معاشی ابتری کا خاتمہ ہو چکاہے ،پورے ملک میں امن و امان کے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری ، نئی صنعتوں کے قیام اور تجارت میں تسلسل سے اضافہ ہو رہاہے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میمن کمیونٹی کے افراد زیادہ تر معاشی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں اور انھیں آ ج کے پاکستان میں واضح فرق اور ترقی و خوشحالی کے ثمرات نظر آرہے ہیں ، حکومت نے معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور سماجی افراد سے رابطہ کرکے ملک کے حالات کو درست سمت گامزن کرنے کے لئے جب اقدامات اٹھائے تو اس مشاورت میں بھی میمن کمیونٹی کے افراد سرفہرست تھے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن میمن کمیونٹی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے امن و امان اور انرجی کو ترجیح دیتی ہے میمن کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام کے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعمیر نہیں ہو سکتا ہے اور انرجی معاشی شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند مقام رکھتی ہے لیکن موجودہ حکومت نے معاشی ترقی کو اپنا ہدف بنایا اور امن و امان کے ساتھ ساتھ انرجی بحران کے خاتمہ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں ، حکومت میمن کمیونٹی کے تعاون سے سماجی شعبہ کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے بلا شبہ میمن کمیونٹی کا معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی بڑا اہم کردار ہے ، میمن کمیونٹی کے تحت صوبہ اور شہر میں اسپتال اور اسکولز قائم ہیں جو اپنے معیار میں منفرد اہمیت کے حامل ہیں۔

تقریب سے معروف صنعت کار عارف حبیب ، عقیل کریم ڈھیڈی ، سراج قاسم تیلی اور دیگر نے اپنے خطاب میں میمن کمیونٹی کی خدمات ، معروف شخصیات کے کارناموں اور جدوجہد پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔ #

متعلقہ عنوان :