پاکستان اپنے قومی مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکہ کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان امریکی امداد کے بغیر بھی زندہ رہ سکتا ہے،وزیر خارجہ خواجہ آصف

بدھ 17 جنوری 2018 21:05

پاکستان اپنے قومی مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکہ کے ساتھ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کبھی بھی اپنے قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکہ کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان امریکی امداد کے بغیر بھی زندہ رہ سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں کہی۔

اجلاس کی صدارت سینیٹر نزہت صادق نے کی جبکہ سینیٹرز فرحت اللہ بابر، عائشہ رضا فاروق، کریم احمد خواجہ، مشاہد حسین سیّد، حاجی معین خان آفریدی، سیکرٹری خارجہ امور اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور حکومت نے یہ واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکی امداد کے بغیر بھی زندہ رہ سکتا ہے اور اپنے قومی مفادات پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امریکہ کی ناکامی کیلئے پاکستان پر بے بنیاد الزمات عائد کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کے خلاف اٹھنا ہو گا جو ہم پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی جلد واپسی اور افغانستان کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے کام کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی خواہش ظاہر کی ہے اور پاکستان چینی منصوبے کا مکمل حامی ہے۔ چیئرمین کمیٹی اور ارکان نے پاکستان کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے ردعمل میں وزیر خارجہ کے سخت مؤقف کو سراہا۔ کابینہ ڈویژن نے غیر ملکی یونیورسٹیوں میں 14 خالی پاکستانی چیئرز پر تعیناتیوں سے متعلق کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :