زینب کیس میں اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے، بھرپور کوششوں سے قاتل پکڑا جائے ٹائم فریم نہیں دے سکتے، شہبازشریف

مردان میں قوم کی بیٹی عاصمہ کو قتل کردیاگیا کیا ہم بھی وہاں جاکر احتجاج کریں ایسی روایت پڑ گئی تو ہم بھی کل مردان میں جاکر سیاست چمکائیں گے، وزیراعلیٰ مال روڈ دھرنے والوں نے ان واقعات پر سیاست کی تو21 کروڑ عوام کبھی معاف نہیں کرینگی،قصور میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 جنوری 2018 21:05

زینب کیس میں اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے، بھرپور کوششوں سے قاتل پکڑا ..
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ زینب قتل کیس میں اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے کہ کوششوں کو کامیابی حاصل ہو اورقاتل پکڑا جائے،پر امید ہیں لیکن کوئی ٹائم فریم نہیں دوں گا،گرفتاری کیلئے کوئی کثر نہیں چھوڑی جارہی،قاتل کی اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز قصور میں میڈیا سے گفتگو میں کیا،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور انٹیلی جنس ادارے شبانہ روز محنت کریں،اللہ سے دعا ہے کہ مجرموں کا پتہ چل جائے تاکہ انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس واقعہ پر قائم جے آئی ٹی کے ہیڈ اور ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو دن رات کام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تفتیش میں انٹیلی جنس ادارے اور عسکری انٹیلی جنس ادارے بھی شامل ہیں،نادرا اور پنجاب فرانزک لیب کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں خود معاملے کی نگرانی کر رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قیاس آرائی نہ کی جائے،اللہ سے پوری امید ہے کہ پوری کامیابی حاصل ہو اور قاتل پکڑا جائے،پرامید ہیں تاہم کوئی ٹائم فریم نہیں دوں گا،ہم نے قاتل کو ڈھونڈ نکالنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ قصور کے بزرگ بھائی اور بہن اور اس محلے کے لوگ جہاں بچی رہتی تھی وہ زینب کے دکھ کو جانتے ہیں،پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے،میری اہل محلہ اور اردگرد کے علاقے کے لوگوں سے التجاء ہے کہ آگے بڑھیں اور تحقیقاتی ٹیم کا پورا ساتھ دیں،قاتل کے بارے میں کسی بھی قسم کی اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا،اطلاع دینے والے کے بارے میں تحقیقاتی ٹیم اپنے آپ تک رکھے گی،آپ کا اور اپ کے خاندان والوں کا نام کہیں نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کیس پر نہایت سائنسی طریقے سے پیش رفت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نادرا،پنجاب فرانزک لیب اور دیگر اداروں کا کردار قابل ستائش ہے،دعا ہے کہ یہ درندے مل جائیں تاکہ ان کو مثالی سزا مل جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی درندگی کے بارے میں سوچ بھی نہ سکے۔انہوں نے کہا کہ مردان میں قوم کی بیٹی عاصمہ کو قتل کردیاگیا کیا ہم بھی وہاں جاکر احتجاج کریں،ایسی روایت پڑ گئی تو ہم کل مردان میں جاکر سیاست چمکائیں گے،سیاست کرنے والے کس منہ سے بتائیں گے کہ ان کے آنسو مگر مچھ کے ہیں یا حقیقی،آج مال روڈ پر دھرنا دینے والے ان زینب اور عاصمہ کیلئے بھی آنسو بہائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیا مال روڈ پر دھرنے والوں کے ہاتھ مردان کی عاصمہ کیلئے اٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ مشال خان کا عبدالولی خان یونیورسٹی میں قتل اور ڈی آئی خان میں ہونے والا دلخراش واقعہ جس میں قوم کی بیٹی کی عزت تارتار کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مال روڈ دھرنے والوں نے ان واقعات پر سیاست کی تو21 کروڑ عوام کبھی معاف نہیں کرے گی۔۔

متعلقہ عنوان :