آئندہ سینیٹ اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی پمز ہسپتال سے علیحدگی کا بل پاس ہو جائیگا، ڈاکٹر طارق فضل چودھری

یونیورسٹی کی ہسپتال سے علیحدگی کے بعد نئی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا،ہسپتال کے میڈیکل ویسٹ کو تلف کرنے کیلئے نیا سسٹم لگایا جا رہا ہے ،تبدیلی نعروں کے ذریعے نہیں آئیگی، وزیراعظم تعلیمی ریفارمز پروگرام شہر میں تعلیم کی بہتری میں اہم کردار ادا کریگا، ڈیلی ویجز اساتذہ کا معاملہ دیانتداری سے حل کرنا چاہتے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں مزید تین ہزار اساتذہ کی ضرورت ہے، وزیر مملکت کیڈ کا تقاریب سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 21:02

آئندہ سینیٹ اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ سینیٹ اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی پمز ہسپتال سے علیحدگی کا بل پاس ہو جائیگا، ہسپتال کی یونیورسٹی سے علیحدگی کے بعد نئی بھرتی کا عمل شروع کیا جائیگا، ہسپتال کے میڈیکل ویسٹ کو تلف کرنے کیلئے نیا سسٹم لگایا جا رہا ہے ،تبدیلی نعروں کے ذریعے نہیں آئیگی، وزیراعظم تعلیمی ریفارمز پروگرام شہر میں تعلیم کی بہتری میں اہم کردار ادا کریگا، ڈیلی ویجز اساتذہ کا معاملہ دیانتداری سے حل کرنا چاہتے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں مزید تین ہزار اساتذہ کی ضرورت ہے۔

وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے یہ باتیںبدھ کو پمز ہسپتال میں وارڈز کی افتتاحی تقریب اور اسلام آباد ماڈل سکول برائے طالبات ہردوگیر میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

پمز ہسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پمز میں مریضوں کا بوجھ بہت بڑھ چکا ہے جس کیلئے ہسپتال میں 103 وینٹی لیٹرز کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پمز میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کی لاگت سے نئی ایمرجنسی تعمیر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے نیا پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں سیکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما سے قبل ہسپتال میں سنٹرل اے سی سسٹم نصب کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں میڈیکل ویسٹ کو تلف کرنے کیلئے نیا سسٹم لگایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی نعروں کے ذریعے نہیں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سینیٹ اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی پمز ہسپتال سے علیحدگی کا بل پاس ہو جائے گا ،ہسپتال کی یونیورسٹی سے علیحدگی کے بعد ہسپتال میں افرادی قوت کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔

تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ معیار تعلیم بہتر کرنے کیلئے اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تعلیمی ریفارمز پروگرام شہر میں تعلیم کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجز ٹیچرز کا معاملہ دیانتداری سے حل کرنا چاہتے ہیں، ڈیلی ویجز اساتذہ بھی بہترین اساتذہ کی فہرست میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تین ہزار مزید اساتذہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے میں جزا اور سزا کا نظام ہونا چاہئے، نظام کو بہتر بنانے کیلئے مثبت تنقید کرنی چاہئے، سیاستدانوں کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے۔ تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔