اس ملک کو کسی سے خطرہ نہیں، خطرہ ہے تو جاتی امرا سے ہے، آصف علی زرداری

جاتی امرا کے شیخ مجیب الرحمان سے خطرہ ہے، ہم ملک کے مفاد میں سیاست کر رہے ہیں ْ 6 ماہ قبل ہی کہہ دیا تھا کہ یہ گریٹر پنجاب بنانے کی بات کررہے ہیں، ابھی تو نواز شریف کے ساتھ کچھ نہیں ہوا، عوام مظلوموں کے لئے انصاف کے حصول کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں،فیصل چوک میں منعقدہ متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 20:46

اس ملک کو کسی سے خطرہ نہیں، خطرہ ہے تو جاتی امرا سے ہے، آصف علی زرداری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اس ملک کو کسی سے خطرہ نہیں اور اگر خطرہ ہے تو جاتی امرا سے خطرہ ہے، جاتی امرا کے شیخ مجیب الرحمان سے خطرہ ہے، گزشتہ روز فیصل چوک میں منعقدہ متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف شیخ مجیب الرحمن بننا چاہتے ہیں اور ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، سیاست کرنا ہمارا حق ہے اور ہم ملک کے خلاف نہیں ملک کے مفاد میں سیاست کر رہے ہیں، ہم ملک کے خلاف سیاست کرنے والوں کے خلاف ہیں، ہم ملک سے وفاداری کی قسم دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں جب چاہوں ان کو نکال سکتا ہوں لیکن میں ملک کا سوچتا ہوں، انہیں پاکستان کی کوئی پرواہ نہیں، انہیں اگر پرواہ ہے تو وہ جاتی امرا کی پرواہ ہے، ہم دھرتی کے لئے فکر مند ہیں اور دھرتی کے لئے روتے ہیں، آصف علی زرداری نے کہا کہ انہوں نے 6 ماہ قبل ہی کہہ دیا تھا کہ یہ گریٹر پنجاب بنانے کی بات کررہے ہیں، ابھی تو نواز شریف کے ساتھ کچھ نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ حکمران مودی کے دوست ہیں، یہ اتنا قرض لے چکے ہیں کہ ملک کمزور ہو جائے، ہمارے عوام ہمارے ورکرز کے ہوتے ہوئے ایسا نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہاکہ انہوں نے صرف دعا کی تھی کہ شہباز شریف ہماری حکومت میں ہمارے لئے بہت اچھا بولتے تھے اور اب ہم ان کو نکالنے کے لئے ہر اس مقام پر جائیں گے جہاں تک جانا پڑا، آصف علی زرداری نے کہا کہ میں اس ملک کے عوام کے لئے سوچتا ہوں، ہماری آنے والی نسلوں نے یہاں رہنا ہے، میاں صاحب نے مجیب الرحمن بن کر وزارت عظمیٰ کا حلف لیا جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ایک بھی ملک مخالف تقرر نہ کی، پاکستان ہے تو سب کچھ ہے لیکن شریف خاندان کا جاتی امرا سے واسطہ ہے، یہ جہاں بھی جائیں گے جاتی امرا بنائیں گے، آج کے جلسے سے ثابت ہوتا ہے کہ آج عوام مظلوموں کے لئے انصاف کے حصول کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ انصاف لے کر رہیں گے۔