چاند نظر نہیں آیا،یکم جمادی الاو ل جمعہ 19 جنوری کو ہوگی، مفتی منیب الرحمن

بدھ 17 جنوری 2018 20:46

چاند نظر نہیں آیا،یکم جمادی الاو ل جمعہ 19 جنوری کو ہوگی، مفتی منیب ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء)مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ بد ھ کو جمادی الاول کا چاند نظرنہیں آیااور یکم جمادی الاول جمعة المبارک 19جنوری کو ہوگی ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، کراچی میںمفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میںحافظ محمد سلفی ،مولانا صابر نورانی،مولانا فیروزالدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

فنی معاونت کے لئے محکمہٴ موسمیات کے چیف میٹر لوجسٹ عبدالرشید اورسپارکو سے غلام مصطفی نے شرکت کی۔ ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے۔ پاکستان کے کسی بھی مقام سے جمادی الاول کا چاند نظر آنے کی خبر یا شہادتیں موصول نہیں ہوئی ، محکمہٴ موسمیات نے بھی اپنے مراکز سے عدمِ رویت کی رپورٹ دی،دعوتِ اسلامی کی مجلس توقیت اور جامعة الرشید کے شعبہٴ فلکیات کے مراکز نے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ دی،لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم جمادی الاول جمعة المبارک 19جنوری کو ہوگی ۔