نوازلیگ کی سیاسی قبر تیار ہو چکی ،عوام نے کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردیا‘عبدالعلیم خان

حکومتی رٹ ختم اور عوامی فیصلہ آ چکا ، اب تبدیلی کی گونج صاف سنائی دے رہی ہے ‘میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 جنوری 2018 18:51

نوازلیگ کی سیاسی قبر تیار ہو چکی ،عوام نے کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردیا‘عبدالعلیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی سیاسی قبر تیار ہو چکی ہے بڑے کے بعد اب چھوٹے میاں کی باری بھی آگئی عوام نے قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردیا، نواز لیگ کے پاس اقتدار سے چمٹے رہنے کا جواز نہیں رہا ۔عبدالعلیم خان نے چیئرنگ کراس میں بھرپور احتجاجی جلسے کی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی نظریاتی اساس کے دشمن شریفوں کا سیاسی سفر خاتمے کے قریب پہنچ گیا، مال روڈ پر جمع ہونے والے مظاہرین نے قوم کی آواز دنیا بھر میں پہنچادی،تبدیلی کی گونج صاف سنائی دینے لگی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہباز شریف اقتدار چھوڑ کر مقدمات کا سامنا کرنے کی تیاری کریں حکومت کی ساکھ اور رٹ ختم ہو چکی، حکمران پارٹی کا سربراہ نااہل اور جیل کی سلاخیں اس کی منتظر ہیں،نواز شریف نے احتساب کا سامنا کرنے کے بجائے نظریہ پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی شروع کردی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورا شریف خاندان لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کے کیسز میں ملوث ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کردار پر ایل این جی کا دھبہ موجود ہے،وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر داخلہ احسن اقبال اقامہ زدہ ہیں،پوری وفاق اور پنجاب کی کابینہ میں شامل درباری وزراء میں سے کسی کا دامن معصوموں کے خون، تو کسی کا کرپشن سے رنگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب میں ہی 8سال میں 50کمپنیاں بناکر لاکھوں تنخواہوں پر بھرتی کئے جانے والے سیاسی وفاداروں نے شریف خاندان کی تجوریوں میں اربوں بھر دیئے اور خود بھی کروڑوں کی لوٹ مار کی۔ نواز لیگ کے رہنماؤں کی پشت پناہی حاصل ہونے کی وجہ ہر گلی، محلے میں گلوبٹ دندناتے پھر رہے ہیں،مظالم کا شکار ہونے والوں کی پولیس بات تک سننے کو تیار نہیں،عوام کرپٹ حکمرانوں سے جلد از جلد خلاصی کا انتظار کررہے ہیں۔