شعبہ طب سے وابستہ افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مشنری جذبے کیساتھ کردار ادا کرنا ہوگا، ترقیافتہ اقوام بھی کئی نسلوں تک مصائب کے بعد کامیابی سے ہمکنار ہوئیں ،

گورنرخیبرپختونخو ااقبال ظفرجھگڑا کا خیبر کالج آف ڈینٹ سری کے گولڈمیڈلسٹ کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 18:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2018ء)گورنرخیبرپختونخو اانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت اور ملکی ترقی کیلئے مشنری جذبے کیساتھ کردار ادا کرنا ہوگا، موجودہ دور میں ترقیافتہ اقوام بھی کئی نسلوں تک مشکلات و مصائب کے بعد بہتر مستقبل کے حصول میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیں ،اس حوالے سے تعلیم ہی ان کی کامیابی کا زینہ تصور ہوتی ہیں۔

وہ بروز بدھ گورنرہاؤس پشاورمیں خیبرکالج آف ڈینٹ سری کے گولڈمیڈلسٹ گریجویٹس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔جس میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرارشدجاوید،خیبرکالج آف ڈینٹ سری کے ڈین پروفیسرڈاکٹر غلام رسول، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر منیراعظم، فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں گورنر نے گولڈمیڈلسٹ طلباء میں نقدانعامات بھی تقسیم کئے، گورنرنے گولڈمیڈل حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ شاندار کامیابی کا حامل ہونا ہی حقیقی مقصد نہیں ہونا چاہئے بلکہ پیشہ وارانہ اعتبار سے ایک ڈاکٹر کا باصلاحیت ہونے کے لیے بھی یہ امرضروری ہے کہ وہ اعلی اخلاقی و پیشہ وارانہ میعار بھی برقرار رکھیں اور دکھی انسانیت کی بہتیرین صلاحیتوں کے ساتھ خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ اس موقع پر خیبرکالج آف ڈینٹ سری کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرغلام رسول نے طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے گورنرہاؤس میں تقریب منعقد کرنے پر گورنرکا شکریہ بھی ادا کیا۔